ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کے سابق گورنر، سابق وزیرِ اعلیٰ اور پانچ سابق وزراء نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے تمام نئے اراکین کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور ان کی شمولیت کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے استحکام پاکستان پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو۔
انہوں نے کہا کہ وہ مختلف عوامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل کا حصول ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف سیاحت کے شعبے سے اربوں ڈالر کمائے جا سکتے ہیں، جس کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔