چین کا 2030 تک انسان کو چاند پر بھیجنے کا ہدف، اہم خلائی ٹیسٹ کامیاب

چین کا 2030 تک انسان کو چاند پر بھیجنے کا ہدف، اہم خلائی ٹیسٹ کامیاب
کیپشن: چین کا 2030 تک انسان کو چاند پر بھیجنے کا ہدف، اہم خلائی ٹیسٹ کامیاب

ویب ڈیسک: چین نے 2030 تک انسانوں کو چاند پر بھیجنے کے اپنے ہدف کی جانب ایک اور اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔ چینی ماہرین نے "مینگ زو" کریو کیرئیر کا اسکیپ (ایمرجنسی ریسکیو) ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیا۔

اس ٹیسٹ کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ اگر راکٹ لانچ کے دوران کسی خرابی کا سامنا ہو تو خلا باز محفوظ طریقے سے واپس آ سکتے ہیں یا نہیں۔ ٹیسٹ کے دوران مینگ زو اسپیس کرافٹ لانچ کے کچھ ہی دیر بعد راکٹ سے علیحدہ ہو کر بحفاظت سمندر میں اترا۔ اس مرحلے میں کسی انسان کو شامل نہیں کیا گیا۔

یہ ٹیسٹ لانگ مارچ 10 کیرئیر راکٹ کی پہلی آزمائشی پرواز کا بھی حصہ تھا۔ اس سے قبل جون 2024 میں اس راکٹ کے پروپلشن سسٹم اور گراؤنڈ لیول سیفٹی ٹیسٹ مکمل کیے جا چکے ہیں۔

93.5 میٹر بلند لانگ مارچ 10 راکٹ چین کے موجودہ طاقتور ترین راکٹ لانگ مارچ 5 سے تین گنا زیادہ گنجائش کا حامل ہوگا۔ یہ راکٹ زمین کے نچلے مدار میں 70 ٹن جبکہ چاند کی جانب 27 ٹن وزن لے جانے کی صلاحیت رکھے گا۔ اسے چاند پر انسانوں کو لے جانے والے دو مشنز میں استعمال کیا جائے گا۔

چینی حکام کے مطابق 2030 تک انسان کو چاند پر بھیجنے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

Watch Live Public News