’پرویز الہیٰ کے پاس 186 ارکان نہیں، کسی صورت اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے‘

’پرویز الہیٰ کے پاس 186 ارکان نہیں، کسی صورت اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے‘
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کہتے ہیں پرویز الہیٰ کے پاس 186 ارکان نہیں وہ کسی صورت اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کو بیس، بائیس دن ملے تھے انہوں نے روزانہ اربوں روپے کی کرپشن کی، ان کی ساری توجہ ماسٹر پلان کی منظوری پر ہی رہی، ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کا جلد فیصلہ دے تاکہ اقلیتی حکومت عوام پر مسلط نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان ملکی سیاست میں ایک ناسور ہے کہ جس نے لوگوں کو بدتمیزی سکھائی ہے ، میری گاڑی پر جوتا مارا گیا اور جوتا مارنے والے کو ہمارے کارکنان نے خوب مارا جس کا مجھے افسوس ہے لیکن وہ بیچارہ تو مظلوم اور بے شرم انسان کے ہاتھوں گمراہ ہوا تھا نا ، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس فتنے کا خاتمہ کیا جائے ۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کے پاس 186 اراکین نہیں ہیں وہ کسی صورت بھی اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے ، ہمارے پاس 179 اراکین موجود ہیں اور رن آف الیکشن میں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ ان کے آڑے ہے اور اب وہ اعتماد کا ووٹ نہ دے کر اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہون نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ سلیمان شہباز کی پہلی ملاقات نہیں ہے ، وہ پہلے بھی ایسی ملاقاتیں کرتے رہے ہیں جب کہ حمزہ شہباز اپنی والدہ کی عیادت کیلئے بیرون ملک میں مقیم ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پنجاب حکومت واپس لے کر ہی واپس اسلام آباد جاؤں گا ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔