ویب ڈیسک: کرکٹ کی سب سے باوقار ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آج سے انگلینڈ کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو رہا ہے، جہاں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
لارڈز، جسے کرکٹ کا گھر کہا جاتا ہے، آج اس عظیم مقابلے کی میزبانی کرے گا جس کا انتظار شائقین کرکٹ دو برس سے کر رہے تھے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اس فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گی۔ آسٹریلیا نے گزشتہ ایڈیشن میں بھارت کو اوول کے میدان پر شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی، جس کی نظریں آئی سی سی کے کسی بڑے ٹائٹل پر مرکوز ہیں — ایک ایسا اعزاز جو وہ گزشتہ دو دہائیوں میں حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
دو سال پر مشتمل اس چیمپئن شپ کے دوران جنوبی افریقا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پروٹیز نے مجموعی طور پر 12 میچز میں سے 8 میں کامیابی حاصل کی، 3 ہارے اور ایک مقابلہ ڈرا ہوا۔
آسٹریلیا، جو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہی، نے زیادہ میچز کھیلے۔ 19 میچز میں سے 13 جیتے، 4 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 2 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔
دونوں ٹیموں نے اس فیصلہ کن مقابلے کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان بھی کر دیا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ لارڈز کا میدان ایک سنسنی خیز اور تاریخی مقابلے کا گواہ بنے گا۔