سعودی ولی عہد کا یوکرینی صدر کا خیر مقدم ،جنگ بندی پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد کا یوکرینی صدر کا خیر مقدم ،جنگ بندی پر تبادلہ خیال
کیپشن: سعودی ولی عہد کا یوکرینی صدر کا خیر مقدم ،جنگ بندی پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کی رات جدہ میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق  ملاقات میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلووں کا جائزہ اور یوکرینی بحران کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی بحران کے حل اور امن کے حصول کے لیے کی جانے والی تمام بین الاقوامی کوششوں کےلیے مملکت کی خواہش اور سپورٹ کا اعادہ کیا۔

یوکرینی صدر نے مشرق وسطی اور دنیا میں سعودی عرب کے اہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے مملکت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں یوکرینی صدر ملاقات کے لیے السلام پیلس پہنچے تو باضابطہ سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل الاخباریہ کے مطابق صدر زیلنسکی امریکی اور یوکرینی حکام کے جدہ میں مذاکرات سے ایک دن قبل سعودی عرب پہنچے ہیں۔

امریکی اور یوکرینی حکام کے درمیان روس، یوکرین جنگ کے حوالے سے مذاکرات منگل کو ہوں گے۔

جدہ میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی اور یوکرینی حکام روس، یوکرین تنازع کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے۔

قبل ازیں صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ یوکرین سعودی عرب میں امریکا کے ساتھ تعمیری مکالمے کے لیے پرعزم ہے۔

  سعودی عرب روانگی سے قبل ایکس پر صدر زیلنسکی کا کہنا تھا  ’میز پر حقیقت پسندانہ تجاویز موجود ہیں جن پر تیزی اور مؤثر طریقے سے عمل کرنا معاملات کی کلید ہے۔‘

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو  کی جدہ آمد

العربیہ کے نمائندے نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی سعودی عرب آمد ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں جدہ میں روسی یوکرینی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ وہ اپنے یوکرینی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے تاکہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے امریکی صدر ٹرمپ کے ہدف کی جانب پیش رفت کو فروغ دیا جا سکے۔

دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یوکرین کے ساتھ ملاقات اچھی رہے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بات چیت میں امریکہ اور یوکرین کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی مغربی سعودی عرب کے شہر جدہ کے ہوائی اڈے پر پہنچ چکے ہیں۔ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ یہاں میں وہ سعودی عرب کے پائیدار امن کے لیے جاری کوششوں کے حصے کے طور پر امریکہ کے ساتھ طے شدہ مذاکرات کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس  کی پریس بریفنگ

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ  دیتے ہوئے کہا کہ جدہ میں مارکوروبیو سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے،ملاقات میں روس یوکرین جنگ کو ختم کرانے سے متعلق  بات کرینگے،مارکوروبیو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کرینگے،خطے میں مشترکہ مفادات کو فروغ دینے ،دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہو گا۔

Watch Live Public News