(ویب ڈیسک ) اڈیالہ جیل کے داخلہ دروازے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) وکلاء اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے مابین شدید تلخ کلامی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان سمیت بہنوں کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ختم ہوگئی۔ ملاقات کے بعد اڈیالہ کے داخلہ گیٹ پر علیمہ خان کی وکلاء رہنماؤں کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ علیمہ خان نے وکلاء رہنماوں کو چارج شیٹ کردیا۔
علیمہ خان نے وکلاء سے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے صرف وہی ملاقات کرے گا جس کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہو، بغیر ذمہ داری کے کوئی وکیل جیل کے اندر نہیں جائے گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ آپ لوگوں نے کیا ڈرامہ لگایا ہوا ہے ہر بندہ صرف ملاقات کے لئے جیل آتا ہے، ہمارا بھائی اندر ہے ہمیں اس سے پیار ہے ہم اسکے لئے جان بھی دے سکتے ہیں،کوئی بھی وکیل اپنی طرف سے عدالت میں اضافی پٹیشن دائر نہیں کرے گا،پٹیشن دائر کرنے کا اختیار صرف سلمان اکرم اور سلمان صفدر کے پاس ہے۔
علیمہ خان نے نعیم پنجھوتہ سے سوال کیا کہ آپ بشری بی بی کے فوکل پرسن ہیں آپ کس کس سے ملتے ہیں،اس پر نعیم پنجھوتہ نے جواب دیا کہ میں کسی سے نہیں ملا،جس سے ملا ہوں آپ بتائیں۔
علیمہ خان نے نعیم پنجھوتہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ بدتمیزی نہ کریں۔اس پر نعیم پنجھوتہ نے کہا کہ میں بدتمیزی نہیں کر رہا،ہم جیلیں بھگت کرآئے،ہم پر پرچے ہوئے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ تم یہ کس طرح مجھ سے بات کر رہے ہو،خاموش رہو۔
اس دوران موقع پر کھڑے وکلاء نعیم پنجھوتہ کو پکڑسائیڈ پر لے گئے۔ علیمہ خان وکلاء سے بار بار پوچھتی رہیں کہ آپ اب تک بانی کے لئے عدالت سے کیا ریلیف لیا ہے۔