ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی 8 ٹیمیں مکمل،ساؤتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب، آئرلینڈ اور بنگلہ دیش کےدرمیان پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی ہےجبکہ آئرلینڈ اور بنگلادیش کا چیلمسفورڈ میں مسلسل بارش کے باعث پہلا ون ڈے میچ نہ ہوسکا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث آئرلینڈ کے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات ختم ہوگئے، جب کہ خوش قسمت جنوبی افریقا آخری وقت پر سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر 8 ویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے براہ راست کوالیفائی کر گئی ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم اب زمبابوے میں کوالیفائر کھیلے گی جس میں 10 ٹیمیں شامل ہیں، کوالیفائر کی ٹاپ 2 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بھارت، بنگلادیش، پاکستان، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا نے ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔ خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔