ویب ڈیسک: سری لنکا کے علاقے کوٹمالے میں ایک افسوسناک حادثے میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 21 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بس میں تقریباً 70 افراد سوار تھے جب وہ پہاڑی علاقے میں سفر کے دوران بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
سری لنکن پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سری لنکا میں پہاڑی سڑکیں حادثات کے لیے حساس مانی جاتی ہیں، اور ایسے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔ حکام نے مسافروں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔