نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال کرگئے

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان انتقال کرگئے
پشاور: نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان انتقال کرگئے۔ گذشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کو طبیعت خراب ہونے کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ طبی عملے کا بتانا ہے کہ اعظم خان کو مختلف قسم کی بیماریوں کا سامنا تھا، انہیں بخار اور ڈائریا کی شکایت تھی جس کے باعث انہوں نے گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ اعظم خان کی نماز جنازہ چارسدہ میں ان کے آبادئی گاؤں میں آج سہہ ساڑھے 3 بجے ادا کی جائے گی۔ پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے اعظم خان ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے اور انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور کمشنر کے عہدوں پر بھی کام کیا۔ اعظم خان چیف سیکرٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ یاد رہے کہ اعظم خان کو خیبر پختونخوا کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی جانب سے پیش کیا گیا تھا اور جب یہ نام سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے سامنے رکھا گیا تو انہوں نے فوری طور پر اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تعینات کرنے کی منظوری دیدی اور پھر اعظم خان نے 21 جنوری2023کوبطور نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ اعظم خان کے ایک بھائی عباس خان خیبر پختونخوا کے آئی جی رہ چکے ہیں جبکہ ایک بھائی شجاع خانزادہ وزیر داخلہ پنجاب رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق ایم پی اے تاج محمد خانزادہ، گوہر ایوب اور عمر ایوب بھی ان کے قریبی رشتے دار ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔