ویب ڈیسک: سپریم کورٹ، آئینی بینچز کی تشکیل کے معاملے پر جسٹس امین الدین خان کے چیمبر میں اجلاس،اجلاس میں بینچز کے امور کاجائزہ لیاگیا۔
اعلامیہ میں جسٹس امین الدین خان کوبتایاگیاکہ آرٹیکل 184کی ذیلی شق 1,3 تین اور آرٹیکل 186سمیت انسانی حقو ق کے کیسز بھی زیرالتواء ہیں ،اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 26ویں ترمیم کے بعد آرٹیکل 191اے کے تحت مقدمات کی کلر کوڈنگ کی جائے گی۔
مظہر علی خان سینئر ریسرچر آفیسر کو ٹاسک دیاگیا کہ وہ ایسے مقدمات کی سکروٹنی کریں جو آرٹیکل 199کے تحت ہیں،مقدمات کو سماعت کے لئے مقرر کرنا بینچز کے بیٹھنے ،کورٹ روسٹر کے اجراء اور ہفتے میں سنے جانے والے مقدمات کے لئے 2سینئر ممبران سے مشاورت کے بعد فیصلہ ہوگا۔
6نومبر کے آئینی بنچز سے متعلق اجلاس کے میٹنگ منٹس جاری کئے گئے ،آئندہ اجلاس بعد میں شیڈول کیاجائے گا،اجلاس میں رجسٹر ار سلیم خان ،ایڈیشنل رجسٹر ار جوڈیشل نذرعباس شریک ہوئے۔
اجلاس میں انسٹی ٹیوشن آفیسر نذیر احمد ،جوڈیشل اسسٹنٹ عبدالرحمان اور جوڈیشل اسسٹنٹ مبشر احمد نے بھی شرکت کی ،چھ نومبر کا اجلاس کمیٹی ممبر جسٹس جمال خان مندوخیل کی عدم دستیابی کے سبب ملتوی کیا گیا تھا، جسٹس امین الدین خان ،جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل تین رکنی کمیٹی آئینی بنچز تشکیل دے گی۔