ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی قیادت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر غور شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں نئی حکومت کے قیام پر بڑا تعطل پیدا ہوگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ تاحال موصول نہ ہونے کی وجہ سے نامزد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری میں تاخیر ہوئی ہے۔
اس حوالے سے جمعہ کی شب وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سپیکر بابر سلیم سواتی، سہیل آفریدی، اسد قیصر، جنید اکبر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ جس میں صوبائی قیادت نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ ہونے کے بعد پارٹی ارکان کے دستخط حاصل کیے جائیں گے۔ تاکہ اسمبلی میں باقاعدہ قرارداد پیش کی جا سکے۔
اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے استعفے کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔ وکلا کی ٹیم تجاویز دے رہی ہے اور نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے قانونی عمل مکمل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ انہیں ابھی تک استعفیٰ نہیں ملا۔