ویب ڈیسک: نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران نے امریکی شرائط قبول کرنے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا جا سکا۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان فاصلے کم کرنے میں بہترین کردار ادا کیا۔
جے ڈی وینس کے مطابق ایران کے ساتھ 21 گھنٹے تک مذاکرات ہوئے، جن میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، لیکن ایران نے ہماری شرائط تسلیم نہیں کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ایران سے کوئی یقین دہانی نہیں ملی، اور امریکی صدر کا مقصد یہی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔
نائب صدر نے کہا کہ ہم اپنی ریڈ لائنز اور قابل ایڈجسٹ نکات واضح کر چکے ہیں، اور ایرانی وفد کو وہ چیزیں بھی بتا دی ہیں جو ہم تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی ٹیم کی پیشکش آخری اور بہترین تھی، اب دیکھنا ہے کہ ایران اسے قبول کرتا ہے یا نہیں۔
قبل ازیں ایرانی حکومت نے کہا تھا کہ بعض اختلافات کے باوجود مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔