پی ایس ایل 6 کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کر دیا گیا

پی ایس ایل 6 کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کر دیا گیا

لاہور (پبلک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے لیے میچ آفیشلز کا تقرر کردیا ہے۔بیس فروری سے بائیس مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف سمیت پی سی بی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل سات ارکان بھی لیگ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ان سات مقامی امپائرز میں آصف یعقوب(پی سی بی امپائر آف دی ائیر 2020)، احسن رضا، فیصل خان آفریدی، عمران جاوید، راشد ریاض، شوزب رضا اور ضمیر حیدر شامل ہیں۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل آف ریفریز کے سابق رکن روشن ماہنامہ اور پی سی بی ایلیٹ پینل آف ریفریز میں شامل علی نقوی، افتخار احمد، محمد انیس اور محمد جاوید ملک ٹورنامنٹ کے 34 میچوں میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور احسن رضا فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، راشد ریاض کو تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔روشن ماہنامہ اس روز میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ بیس فرور ی کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

پی سی بی ایلیٹ پینل میں شامل امپائرز: احسن رضا (لاہور) ، آصف یعقوب (اسلام آباد) ، فیصل خان آفریدی (سرگودھا) ، عمران جاوید (کراچی) ، راشد ریاض (لاہور) ، شوزب رضا (لاہور) اور ضمیر حیدر (لاہور) ۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میں علیم ڈار ، مائیکل گف اور رچرڈ ایلنگ ورتھ۔ شامل ہیں۔ پی سی بی ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفریز علی نقوی (لاہور) ، افتخار احمد (کراچی) ، محمد انیس (لاہور) ، اور محمد جاوید ملک (ملتان) جبکہ انٹرنیشنل میچ ریفری روشن ماہنامہ (سری لنکا) ہیں۔

ایونٹ کے کوالیفائر، دو ایلیمنٹرزاور فائنل کے لیے امپائرز اورمیچ ریفریز کی تقرری ان میچز سے کچھ روز قبل کی جائے گی۔ڈے میچز دوپہر 2 بجے اور نائٹ میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے۔جمعے کو شیڈول ڈبل ہیڈر کا پہلا میچ سہ پہر 3 بجے اور دوسرا رات 8 بجے شروع ہوگا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔