(ویب ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہوں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ دورہ امریکا میں وزیراعظم شہباز شریف صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ داعش کےافغانستان میں موجودگی کے ثبوت عالمی شراکت داروں سے شیئر کیے ہیں، داعش کے حملوں کا ماسٹر مائند افغانستان میں موجود ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر کی تفصیلات مانگی ہیں، بھارت یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے، بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا پابند ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کرکٹ کو بنگلادیش کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے، بھارت کے خلاف نہ کھیلنےکا فیصلہ کرکٹ کو ہتھیار نہ بنانےکے لیےکیا تھا۔