ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا۔
نیوزی لینڈ نے ویدودارا میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 301 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت کی طرف سے روہت شرما 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، لیکن شبمن گل اور ویرات کوہلی کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے کامیابی حاصل کی۔ بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میچ کے دوران کوہلی نے 91 گیندوں پر 93 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز سچن ٹنڈولکر کے ہیں، جنہوں نے مجموعی طور پر 34,357 رنز بنا رکھے ہیں۔ ویرات کوہلی 28,068 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ کمار سنگاکارا 28,016 رنز کے ساتھ تیسرے، رکی پونٹنگ 27,483 رنز کے ساتھ چوتھے اور مہیلا جے وردھنے 25,957 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔