ویب ڈیسک: امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کو لاس اینجلس میں تارکین وطن کی بلاجواز گرفتاریوں سے روک دیا ہے، اور ان پر کڑی شرائط عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکی سینٹرل ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا کے وفاقی جج نے حکم دیا کہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے اہلکاروں نے معقول شبے کے بغیر لوگوں کو حراست میں لیا، جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ نسل، زبان یا پیشے کی بنیاد پر گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند کرے۔
افسران کو رہنمائی فراہم کرنے کا حکم
عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی اپنے افسران کو معقول شک کی تشریح اور اطلاق میں رہنمائی فراہم کرے تاکہ غیر قانونی حراستوں سے بچا جا سکے۔ مزید برآں، تمام گرفتاریوں سے متعلق دستاویزی ثبوت تیار کیے جائیں اور متاثرہ فریق کے وکلا کو فراہم کیے جائیں۔
فیصلے کی جغرافیائی حدود
یہ فیصلہ فی الحال کیلیفورنیا کی سات کاؤنٹیوں تک محدود ہے، جن میں لاس اینجلس اور اس کے گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے عدالتی فیصلے کو تارکین وطن کے تحفظ کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔