ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ٹیرف وار کو مزید تیزکردیا، میکسیکو اور یورپی یونین سے درآمدات پر 30 فیصد ٹیرف لگا دیا، میکسیکو اور یورپی یونین پر 30فیصدٹیرف کا نفاذیکم اگست سے ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 30 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم اگست سےہوگا۔
اس اہم فیصلے کا اعلان ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ اقدام امریکی معیشت اور مقامی صنعتوں کو تحفظ دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ٹیرف کے نفاذ سے قبل میکسیکو اور یورپی یونین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے تاہم فریقین کسی متفقہ نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل رواں ہفتے جاپان، جنوبی کوریا، کینیڈا اور برازیل سمیت متعدد ممالک کے لیے بھی نئے ٹیرفز کا اعلان کر چکے ہیں، جس سے عالمی تجارتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدامات ٹرمپ کے آئندہ صدارتی انتخابی منشور کا حصہ ہو سکتے ہیں، جس میں وہ "امریکہ فرسٹ" پالیسی کو ایک بار پھر ترجیح دے رہے ہیں۔