سعودی حکومت کی طرف سے حج پیکجز کے لیے نیا یونیورسل سسٹم فعال کر دیا گیا ہے نیا سسٹم فراڈ کو روکنے اور حج کو مزید قابلِ رسائی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت حج کے خواہش مند افراد پورٹل پر براہِ راست اندراج کرا سکتے ہیں اور درخواست گزاروں کی رجسٹریشن، فیس وصولی اور ویزے کا اجراء آن لائن ہو گا۔ نئے پورٹل میں برطانیہ کے حج ٹریول ایجنٹس خارج برطانوی میڈیا کے مطابق نئے پورٹل میں برطانیہ کے حج ٹریول ایجنٹس کو خارج کر دیا گیا ہے اور کمپنیاں موجودہ بکنگ والے گاہکوں کو رقم واپس کرنے کی پابند ہوں گی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی حج ٹریول انڈسٹری میں فراڈ کے بہت سے واقعات ہوئے ہیں، غیر قانونی آپریٹرز عازمینِ حج کے ہزاروں پاؤنڈ لے کر غائب ہو جاتے ہیں۔ ’’ حج پیکیجز برطانیہ کے سفری ضوابط پر پورا نہیں اترتے‘‘ دوسری طرف آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے حج و عمرہ کی سربراہ ایم پی یاسمین قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ حج پیکیجز برطانیہ کے سفری ضوابط پر پورا نہیں اترتے۔انہوں نے کہا کہ میں نے سعودی وزارت کو پورے پورٹل رول آؤٹ کے بارے میں لکھا ہے، عازمین کے ساتھ کچھ بھی غلط ہوا تو اس کا ازالہ کیسے ہو گا؟ یاسمین قریشی کا اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ پرانے سسٹم پر کسی بھی خرابی کی صورت میں معاوضہ ملتا تھا۔