اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے کہا ہے کہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کارکنان ملک گیر پرامن احتجاج کیلئے نکلیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کی ماورائے قانون و عدالت گرفتاری کی تیاریوں کی مصدقہ اطلاعات، پی ٹی آئی نے ملک گیر پرامن احتجاج کی کال دے دی ، ریجنل، ضلعی اور مقامی ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کہا ہے کہ داخلی امن برباد کرنے اور قانون کی بجائے دھونس اور طاقت سے معاملات چلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کارکنان ملک گیر پرامن احتجاج کیلئے نکلیں۔ پی ٹی آئی قیادت نے کہا ہے کہ لاقانونیت اور پولیس گردی کے ذریعے انصاف کا بہیمانہ قتل کسی صورت گوارا نہیں کیا جاسکتا، قاتلانہ حملے اور موت کے پھندے میں پھانسنے کے بعد چیئرمین عمران خان کی زندگی سے مسلسل کھیلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، چیئرمین عمران خان کی جانب سے ان کے قتل کی سازش میں ملوث تینوں کردار متحرک اور ریاستی مشینری کو استعمال کررہے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مکمل طور پر پرامن رہیں گے مگر عمران خان کو بدترین ریاستی انتقام کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، مرکزی قائدین کی بلاجواز گرفتاریوں کے ساتھ ملک بھر میں بدترین کریک ڈاؤن ناقابلِ قبول، نہایت قابلِ مذمت ہے، کارکنان عوام کو متحرک کریں اور ملک بھر میں ضلعی اور مقامی ہیڈکوارٹرز پر بھرپور پرامن احتجاج کریں، قانون کی حکمرانی کی طرف لوٹنے اور بدمعاشی ترک کرنے کے علاوہ حکومت کیلئے کوئی رستہ نہیں چھوڑیں گے۔