ویب ڈیسک: سعودی عرب، قطر اور دیگر دوست ممالک نے پاک افغان سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دوست ممالک نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں کشیدگی اور جھڑپوں پر تشویش ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کشیدگی سے گریز کرنا چاہیے اور بات چیت اور دانشمندی کو اپنانا چاہیے جس سے کشیدگی میں کمی اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ سعودی عرب امن اور استحکام کے فروغ کیلئے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل سے کام لیں اور اختلافات کو ایسے طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں جو تناؤ میں کمی اور کشیدگی سے بچاؤ میں مددگار ہو، تاکہ علاقائی سلامتی اور استحکام کو قائم رکھا جا سکے۔