امریکا میں چارلی کرک کے قاتل کی معلومات پر 1لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

امریکا میں چارلی کرک کے قاتل کی معلومات پر 1لاکھ ڈالر انعام کا اعلان
کیپشن: امریکا میں چارلی کرک کے قاتل کی معلومات پر 1لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکا کے قدامت پسند تجزیہ کار اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک کے قاتل کی تلاش تاحال جاری ہے، جبکہ ایف بی آئی نے مشتبہ شخص کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے مدد مانگ لی ہے۔ حکام نے قاتل کی اطلاع دینے یا گرفتاری میں مدد کرنے والے کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق اب تک کئی سراغ ملے ہیں مگر اصل ملزم فرار ہے۔ گزشتہ روز دو افراد کو شبہ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تاہم تفتیش کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے بیان میں کہا ہے کہ ’’ چارلی کرک کا قاتل زیادہ دیر تک آزاد نہیں رہے گا، ہم جلد اسے گرفتار کر لیں گے۔‘‘

یاد رہے کہ چارلی کرک کو یوٹا یونیورسٹی میں تقریر کے دوران گولی ماری گئی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب وہ گن کنٹرول اور ہجوم پر فائرنگ جیسے حساس موضوع پر بات کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد طلبہ و شرکاء خوف کے باعث ہال سے باہر نکل آئے۔

چارلی کرک کو امریکا میں ایک نمایاں قدامت پسند شخصیت مانا جاتا تھا۔ وہ ’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ کے بانی بھی تھے، جسے انہوں نے 2012 میں قائم کیا۔ یہ تنظیم ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں قدامت پسند نظریات کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ کرک اپنی تقریروں، میڈیا تبصروں اور سابق صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے دفاع کے باعث شہرت رکھتے تھے۔

ان کے قتل نے قدامت پسند حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد انصاف کے مطالبے کے ساتھ سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قاتل کو پکڑنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے اور انعامی رقم کے اعلان کے بعد عوامی تعاون مزید بڑھنے کی امید ہے۔

Watch Live Public News