ویب ڈیسک: چین نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران کی کھل کر حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
چینی وزیرِ دفاع ڈونگ جن نے کہا ہے کہ چین کے بحری جہاز آبنائے ہرمز سے معمول کے مطابق آمد و رفت جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ایران کے ساتھ چین کے تجارتی اور توانائی کے معاہدے موجود ہیں جن کا مکمل احترام کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دیگر ممالک سے بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ چین کے معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں ہے اور چین کے لیے یہ راستہ کھلا ہوا ہے۔
چینی وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ ان کا ملک عالمی امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا کی ممکنہ بحری ناکہ بندی کی دھمکی پر چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔
ترجمان کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ کو محفوظ، مستحکم اور بلا رکاوٹ برقرار رکھنا عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین توانائی کے تحفظ اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔