شہبازگل نے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کردی

شہبازگل نے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کردی
اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سیشن کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی ہے۔ عدالت میں‌شہباز گل کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے۔ دوران تفتیش پولیس مجھ پر کوئی الزامات ثابت نہیں کر سکی. درخواست میں کہا گیا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی. ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز عدالت نے شہبازگل کے جسمانی ریمانڈ کی دوسری استدعا بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا. تاہم پراسیکیوٹر نے عدالت میں‌موقف اختیار کیا تھا کہ شہباز گل نے فوج کے اندر مختلف رینکس کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی. ملزم چونکہ ہائی پروفائل ہے لہذا ہم نے پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے. گذشتہ روز شہباز گل کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تو تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے آڈیو پروگرام کی سی ڈی حاصل کر لی ہے اور وہ میچ بھی کر گئی ہے . ایک موبائل ان کی گاڑی میں رہ گیا تھا، دوسرا ان کے پاس تھا۔ جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے کہا کہ ملزم موبائل اور لیپ ٹاپ تک رسائی نہیں دے رہا ہے، سچ اور جھوٹ جاننے کے لیے پولی گرافک ٹیسٹ کرانا انتہائی ضروری ہے.انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسکرپٹ پڑھا گیا، لیکن ملزم یہ نہیں بتا رہا کہ اس کے پیچھے کون ہے؟ لہذا میں استدعا کرتا ہوں کہ پولیس کو مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے لیکن عدالت نے یہ استدعا مسترد کردی تھی.
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔