غیر قانونی مذبح خانوں سے ہزاروں کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد

غیر قانونی مذبح خانوں سے ہزاروں کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد
کیپشن: غیر قانونی مذبح خانوں سے ہزاروں کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد

ویب ڈیسک: عوام کو صحت مند فوڈ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری، غیر قانونی مذبح خانوں سے ہزاروں کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد کر لیا گیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق نوال اور میانوالی سے برآمد ہونے والے گوشت کو تلف کر دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک نے دو الگ الگ کارروائیوں میں یہ گوشت برآمد کیا تھا۔ متعلقہ حکام نے غیر قانونی مذبحہ خانے چلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ نوال کے علاقے بلاک نمبر 2 اور لکڑ منڈی میں قائم غیر قانونی مذبح خانوں پر چھاپے کے دوران 7 ہزار کلو مضر صحت گوشت قبضے میں لے لیا گیا جو مختلف اضلاع میں سپلائی کیا جانا تھا۔

سلاٹر ہاؤس مالکان نے ٹیم کو دیکھ کر گوشت گھر کے ڈبوں اور چارپائیوں کے نیچے چھپا دیا تاہم تمام گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر آپریشن ساؤتھ زبیر احمد اعجاز کے مطابق ان مذبح خانوں کی کئی روز سے نگرانی کی جا رہی تھی۔

دوسری جانب میانوالی میں فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 3 غیر قانونی مذبح خانے پکڑے، جہاں سے 10 من گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔

حکام کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت یا اطلاع کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔

Watch Live Public News