(ویب ڈیسک )بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سوشل میڈیا پر مقبولیت کے چرچے اب مشکوک قرار دیے جا رہے ہیں۔ ایک حالیہ تجزیے نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ' ایکس' اکاؤنٹ کے فالوورز کی بڑی تعداد جعلی یا بوٹس پر مشتمل ہے۔
ڈیٹا اینالٹکس پلیٹ فارم "گروک" کے مطابق مودی کے 10 کروڑ 90 لاکھ فالوورز میں سے تقریباً 4 کروڑ 40 لاکھ سے 6 کروڑ 50 لاکھ تک اکاؤنٹس مشکوک یا جعلی ہو سکتے ہیں۔ یہ تعداد ان کے کل فالوورز کا تقریباً 40 سے 60 فیصد بنتی ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مودی کے فالوورز کی حقیقت پر سوالات اٹھے ہوں۔ 2012 میں کیے گئے ایک تجزیے میں ان کے 46 فیصد فالوورز کو جعلی اور 41 فیصد کو غیر فعال قرار دیا گیا تھا۔ 2017 میں ہونے والے ایک اور ٹوئٹر آڈٹ میں ان کے صرف 37.4 فیصد فالوورز کو اصلی پایا گیا۔
تحقیقات کے مطابق جدید اے آئی اور بوٹس کے ذریعے مودی کے حق میں ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز کو منظم انداز میں پھیلایا گیا، جس کا مقصد انتخابی مہمات میں رائے عامہ کو متاثر کرنا تھا۔ 2019 کے انتخابات کے دوران ’ٹی این ویلکم مودی‘ جیسے ٹرینڈز میں بوٹس کے ذریعے ریکارڈ جعلی ٹریفک پیدا کی گئی۔
یہ تمام شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مودی کی آن لائن مقبولیت ایک مصنوعی نیٹ ورک کا نتیجہ ہے، جو اصلی حمایت کی بجائے ڈیجیٹل چالاکیوں پر مبنی ہے۔