یواےای نےپاکستان کے 2ارب ڈالر قرض واپسی میں 2ماہ کی توسیع کردی

یواےای نےپاکستان کے 2ارب ڈالر قرض واپسی میں 2ماہ کی توسیع کردی
کیپشن: یواےای نےپاکستان کے 2ارب ڈالر قرض واپسی میں 2ماہ کی توسیع کردی

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں مختصر مدت کی توسیع پر اصولی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یو اے ای نے اس رقم کو دو ماہ کے لیے، 17 اپریل 2026 تک رول اوور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی جا رہی ہے اور باقاعدہ منظوری جلد متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ یقین دہانی اس وقت حاصل ہوئی جب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اماراتی حکام سے رابطہ کیا۔ حکام کے مطابق اس پیش رفت کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تیسرے جائزہ مذاکرات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے دی گئی ایک ماہ کی توسیع ختم ہونے میں صرف چار دن باقی تھے۔ یاد رہے کہ جنوری میں بھی ڈپازٹ کی مدت پوری ہونے پر یو اے ای نے ایک ماہ کی توسیع دی تھی، جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی 2026 میں واجب الادا ہے۔

ذرائع کے مطابق اماراتی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد طویل مدتی رول اوور کے لیے دوبارہ رابطہ کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ اسحاق ڈار اس معاملے کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رول اوور کی مدت کا تعین قرض فراہم کرنے والے کا اختیار ہوتا ہے اور نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے یہ توسیع یقینی بنائی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ وہ وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے قائمہ کمیٹی خزانہ میں دیے گئے بیانات کے پس منظر سے آگاہ نہیں۔ انہوں نے وزیر خزانہ کے اس بیان کا حوالہ بھی دیا کہ پاکستان کے بیرونی مالیاتی پروفائل میں کوئی خلا نہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات درست سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News