ملتان: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہ کیا۔ وزیرِاعظم نے ملتان میں علاج معالجے کی بین الاقوامی سہولیات سے آراستہ زیر تعمیر نشتر 2 اسپتال کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جو لوگ چیئرمین پی ٹی آئی کو کندھوں پر بٹھا کر لائے تھے، وہ ان کی حکومت سے یہ اسپتال مکمل کرواتے، مگر اس کے بعد جو ہوا وہ تاریخ ہے، اب یہ اسپتال انشاءاللہ 30 ستمبر کو پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 4 برس اسپتال کو فنڈز جاری نہ کرکے بربادی کی ہے، گذشتہ 4 برس شدید غفلت برتی گئی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دکھی انسانیت اسپتال کی تکمیل کے انتظار میں تھی لیکن پچھلی حکومت نے اسپتالوں تک کو بھی فنڈز جاری نہ کیے، پاکستان تحریک انصاف حکومت میں انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کو روکا گیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوگ علاج نہ ملنے سے قبر میں جارہے ہوں اور یہاں سیاست ہورہی ہے، اس سے زیادہ قبیح حرکت نہیں ہوسکتی، چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت میں ہوتے ہوئے چور ڈاکو کی گردان ختم نہیں ہوتی تھی، ان کے پاس کھربوں روپے تھے، لیکن ٹانگ پر ٹانگ رکھے بیٹھے رکھے، انہیں اس سے وقت ملتا تو اسپتال بناتے۔