لاہور: ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں کو 'نوبرڈ زون' قرار دے دیا گیا

لاہور: ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں کو 'نوبرڈ زون' قرار دے دیا گیا

(ویب ڈیسک ) حکومت نے مسافر طیاروں کی حفاظت کیلئے ایئر پورٹ کے اطراف کے علاقوں کو نو برڈ زون قرار دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرلاہور کی حدود میں طیاروں کی سیفٹی کے لئے اہم اقدام  اٹھائے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ‎وائلڈ لائف اور انوائر منٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو متحرک کر دیا گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں کو "نو برڈ زون" بنانے کیلئے 'رنگ فینسنگ' (فضائی حفاظتی حصار بنانے) کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی نے  مسافر جہازوں کی حفاظت کےلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت  کردی ۔ انہوں نے  سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب کی پہلی وائلڈ لائف فورس کو متحرک کرنے کی ہدایت  کی۔

ہوائی اڈوں کے قریب موجود غیر قانونی ذبحہ خانوں، پولٹری فارمز ختم کرنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے۔ ہوائی اڈوں کے قریب موجود بیکریوں کا کچرا ٹھکانے کے قانون اور ضابطوں پر سختی سے عملدرآمد کا حکم  دیا گیا ہے۔

ہوائی اڈوں کے قریب ایسا کوئی کاروبار کرنے کی پابندی ہوگی جس سے پرندوں کے جمع ہونے کا خطرہ پیدا ہو، پنجاب حکومت نے حکم جاری کر دیا ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ  ماحولیاتی حفاظتی انتظامات کے بغیر قائم پولٹری فارمز، بیکریوں اور ذبحہ خانوں پر پابندی لگائی جائے گی،  چمڑا رنگنے، چمڑے سے اشیاء بنانے والی کمپنیوں پر ماحولیاتی ضابطوں کا سخت اطلاق، کھلے عام جانوروں کی کھالوں کی دہلائی پر پابندی لگا دی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق   ہوائی اڈوں کے قریب کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی، ڈھکن والے کوڑے دانوں کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔

وائلڈ لائف رینجرز کو فوری آپریشن شروع کرنے کا حکم مل گیا، وائلڈ لائف ہیڈکوارٹرز  نے حکم نامی جاری  کردیا۔

لاہور مشرقی بائی پاس  مناواں ہسپتال داہوری والا، پی کے ایل آئی، چونگی امر سدھو، اچھرہ ل، چاہ میراں علاقے "نو برڈ زون" قرار، ان علاقوں سے آپریشن کا آغاز ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  ایسی تمام وجوہات کو ختم کیا جائے جس سے پرندوں کے جھنڈ ہوائی اڈوں کے قریب جمع ہوتے ہیں، گھروں کی چھتوں پر دانہ ڈالنے، کبوتر پالنے، بڑی تعداد میں کبوتر اڑانے، درباروں اور عوامی مقامات پر دانہ ڈالنے اور حد سے پرندوں کو جمع ہونے سے روکا جائے،وائلڈ لائف رینجرز ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب وائلڈ لائف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے،۔

پنجاب حکومت  نے  نوٹیفیکیشن  میں کہا ہے کہ  طیارے کے ٹیک آف، لینڈنگ، اور کم اونچائی پر پرواز کے دوران پرندوں کا طیاروں سے ٹکراؤ حادثات کا سبب بنتے ہیں، انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) اور انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے مطابق، 90 فیصد سے زائد حادثات 3 ہزار فٹ سے کم بلندی پر ہوتے ہیں،  پنجاب وائلڈ لائف قانون پر سختی سے عمل درامد کرایا جائے، خلاف ورزی پر گرفتاریاں، سزائیں اور جرمانے ہوں گے، ہوائی اڈوں کے قریب کچرے کے ڈھیر جمع ہونے کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

اس حوالے سے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ  یہ اقدامات فضائی سفر محفوظ اور سینکڑوں انسانی زندگیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کئے جا رہے ہیں، فضائی حفاظتی حصار(رنگ فینسنگ) کے ذریعے پرندوں کے طیاروں سے ٹکراؤ اور حادثات میں کمی ہو گی، دنیا بھر کے ہوائی اڈوں کے قریب "نو برڈ زونز" بنائے جاتے ہیں۔

Watch Live Public News