(ویب ڈیسک ) فرانس میں ایک 62 سالہ شخص نے اُس وقت پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا جب اُس نے ایمرجنسی پر کال کر کے بتایا کہ وہ اپنی بیوی کو ہائی وے پر واقع ایک پیٹرول پمپ پر بھول آیا ہے، اور اُسے یاد نہیں کہ وہ کون سا پمپ تھا۔
یہ واقعہ 5 جولائی کو پیش آیا جب پیرس کا رہائشی شخص اپنی بیوی اور 22 سالہ بیٹی کے ساتھ چھٹیوں پر مراکش جا رہا تھا۔ راستے میں وہ مختلف پیٹرول پمپس پر رکے، لیکن صبح تقریباً ساڑھے چار بجے ایک اسٹاپ کے بعد وہ بیوی کو وہیں چھوڑ کر روانہ ہو گیا اور اُسے اس بات کا احساس 300 کلومیٹر بعد ہوا۔
پریشانی میں مبتلا شخص نے ایمرجنسی نمبر پر کال کی اور بتایا کہ وہ بیوی کو پیچھے چھوڑ آیا ہے مگر یہ یاد نہیں کہ کہاں۔ فرانسیسی پولیس نے بتایا: "ہمیں صبح ساڑھے آٹھ بجے ایک الجھانے والی کال موصول ہوئی، کالر کو یہ تک یاد نہیں تھا کہ وہ کہاں رکا تھا۔"
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دوران ان کی 22 سالہ بیٹی کار میں موجود تھی، لیکن وہ سو رہی تھی اور اُسے بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ والد نے ماں کو چھوڑ دیا ہے۔
پولیس نے کئی ریسٹ ایریاز کی تلاشی لی لیکن عورت نہیں ملی، جس کے بعد پولیس کو شبہ ہوا کہ شاید شوہر نے جان بوجھ کر بیوی کو چھوڑا ہے۔ تاہم خوش قسمتی سے موبائل نیٹ ورک کی مدد سے خاتون کا پتا چل گیا۔ وہ صبح ساڑھے چار سے ایک پیٹرول پمپ پر ہی بیٹھی اپنے اہلِ خانہ کا انتظار کر رہی تھیں۔
مختصر تحقیقات کے بعد پولیس نے تصدیق کی کہ شوہر واقعی بھول گیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے اہلِ خانہ کو ملا کر اُنہیں مراکش کی طرف روانہ ہونے کی اجازت دے دی ۔