کراچی (پبلک نیوز) کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے کا انکشاف ہوا ہے. شہریوں کی چوری کی گئی کاروں کے ساتھ ہوتا کیا ہے؟ گرفتار ملزمان نے سب بتا دیا.ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اے وی ایل سی نے انتہائی مطلوب بین الصوبائی کارلفٹر گینگ گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کا تعلق کراچی اور بلوچستان خضدار سے ہے، ملزمان میں سرکاری ادارے کے 2 اہلکاروں سمیت 5 ملزمان شامل ہیں، ساربان عرف پپو، راشد منہاس، ریحان، راناعثمان اور سرفراز ملزمان میں شامل ہیں،ملزمان سے مختلف علاقوں سے چوری شدہ 5 کاریں برآمد کی گئی ہیں. عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان کے حیران کن انکشافات سامنے آئے، شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلتی ہیں،گرفتار ایک ملزم معروف کار کمپنی میں ٹیکسی سروس چلواتا ہے، ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس کے علاوہ رینٹ کار پر بھی کاریں دیتے ہیں، گرفتار ملزمان میں کراچی کا کارلفٹر، بلوچستان کا خریدار بھی شامل ہے،ملزمان میں ایک سویلین اور 2 اہم سرکاری ادارے کے ملازمین شامل ہیں ،ملزمان کی سفاکیت کا اندازہ ایک واقعے سے لگایا جاسکتا ہے، رواں سال بلدیہ ٹاون میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا،ایمبولینس میں لاش روانہ ہوتے ہی ملزمان حادثے کا شکار کار لے اڑے، کار کو بلوچستان میں سستے داموں فروخت کردیا گیا،گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کی جارہی ہے اور مزید تفتیش بھی جاری ہے.