ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ امن معاہدے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کا بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر شیئر کر دیا، جس کے بعد جاری سفارتی پیش رفت عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ایران اور امریکا ایک ممکنہ امن معاہدے کے قریب ہیں، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان اس معاہدے کی تکمیل کے بعد اس پر الیکٹرانک دستخط کے لیے تیاری کر رہا ہے، جبکہ آئندہ ہفتے تکنیکی سطح پر مزید مذاکرات بھی متوقع ہیں تاکہ باقی ماندہ امور کو حتمی شکل دی جا سکے۔

شہباز شریف نے مذاکراتی عمل میں مثبت کردار ادا کرنے پر امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے خطے کے برادر ممالک کی حمایت اور تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ کامیابی سے طے پا جاتا ہے تو یہ نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا بلکہ باہمی تعاون اور اعتماد کے فروغ کی نئی راہیں بھی ہموار کرے گا۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم کے بیان کو ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر شیئر کیے جانے کو سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے اس معاملے کی بین الاقوامی اہمیت مزید اجاگر ہوئی ہے۔