پبلک نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن جھوٹے ہوئے،اداروں کی ساکھ ختم کر دی گئی، انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیا گیا،میری ساری پیشگوئیاں سچ ثابت ہوئیں،اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے،الیکشن جھوٹے ہوئے،اداروں کی ساکھ ختم کر دی گئی،سیکورٹی تھریٹ کا کہا جا رہا ہے یہ بھی جھوٹ ہے،سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے،ادارے تباہ ہو چکے ہیں، انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ووٹر نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا،لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا،انھوں نے مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کر دی ہے،میری ساری پیشگوئیاں سچ ثابت ہوئیں،اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے،کوئی ڈیل کی بات نہیں ہو رہی،وکلاء تک سے ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا ہے کہ اب مہنگائی میں اضافہ ہو گا،عوام باہر نکل آئے گی،ہمارا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا،ہم انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے،سینٹ الیکشن میں پھر پیسہ چلنے والا ہے،گزشتہ سینٹ انتخابات میں گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا،آج تک سزا نہیں ہوئی۔