ویب ڈیسک: برطانیہ نے امیگریشن قوانین میں بڑی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے ورک، فیملی اور اسٹڈی سمیت تمام شعبوں کے قواعد سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جب کہ مستقل رہائش کے لیے درکار مدت کو پانچ سے بڑھا کر 10 سال کر دیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر آج (پیر) امیگریشن سے متعلق وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ " امیگریشن سسٹم کو کنٹرولڈ، منصفانہ اور سلیکٹیو بنایا جائے گا تاکہ برطانوی عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔"
حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت:
امیگریشن کے تمام راستوں پر سختیاں لاگو ہوں گی۔
انگریزی زبان کا ٹیسٹ مزید سخت کر دیا جائے گا۔
بیرون ملک سے کیئر ورکرز کی بھرتی محدود کی جائے گی۔
مستقل رہائش (Indefinite Leave to Remain) کی درخواست اب پانچ کے بجائے 10 سال بعد دی جا سکے گی۔
سرحدی کنٹرول کو مؤثر بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
برطانوی حکومت کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا مقصد غیر ضروری امیگریشن پر قابو پانا اور مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع کو ترجیح دینا ہے۔