ویب ڈیسک: پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ سے متعلق مذاکرات کا آغاز 14 مئی سے ہو رہا ہے، جو 23 مئی تک جاری رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ مذاکرات میں آمدن، اخراجات اور ٹیکس اصلاحات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو ٹیکس آمدنی، نان ٹیکس آمدنی اور متوقع محصولات پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ 400 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے کو انکم ٹیکس میں ریلیف دینے کے لیے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی خاص تیاریاں کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں، مذاکرات میں صنعتی اور تعمیراتی شعبوں کو ریلیف دینے کی تجاویز پر بھی گفتگو ہوگی، اور پاکستان کی ٹیم ان شعبوں کے لیے رعایتیں برقرار رکھنے کے لیے کوشش کرے گی۔
خیال رہے کہ یہ مذاکرات آئندہ بجٹ کی تیاری کا اہم مرحلہ ہیں اور ان کی کامیابی سے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معاہدے کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔