ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو بولنگ کرتے۔انہوں نے کہا کہ ٹيم میں مومینٹم ہے اس کو جاری رکھیں گے۔ انگلش ٹیم کے کپتان بٹلر نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ فائنل میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔ میلبرن اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شائقین کرکٹ نے ٹی وی پر نظریں جما رکھی ہیں۔