پشاور: نگران صوبائی کابینہ کے 9 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزراء اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنرہاؤس پشاور میں نگران صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری ہوئی، نگران صوبائی کابینہ کے 9 ارکان نے بحیثیت صوبائی وزراء اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزراء سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔بحثیت نگران صوبائی وزیر حلف لینے والوں میں سید مسعود شاہ، جسٹس(ر) ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش،آصف رفیق، ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر محمد قاسم جان، انجینئر عامر ندیم درانی، انجینئر احمد جان اور سید عامر عبداللہ شامل ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران صوبائی وزراء کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان گنڈا پور،انتظامی محکموں کے سربراہان سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔