موٹروے ایم-5 پر بروقت کارروائی، غنودگی میں گاڑی چلانے والا ڈرائیور گرفتار

موٹروے ایم-5 پر بروقت کارروائی، غنودگی میں گاڑی چلانے والا ڈرائیور گرفتار
کیپشن: موٹروے ایم-5 پر بروقت کارروائی، غنودگی میں گاڑی چلانے والا ڈرائیور گرفتار

ویب ڈیسک: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موٹروے ایم-5 پر ایک مسافر بردار بس ڈرائیور کو غنودگی کے عالم میں گاڑی چلانے سے روک لیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے مسافر گاڑیوں کی ڈیش کیم فوٹیج کی نگرانی کے دوران ایک بس ڈرائیور کو مسلسل جماعیاں لیتے اور نیند میں جھکتے ہوئے دیکھا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بس کو روک دیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور کو چہرہ دھلوا کر ہوش میں لایا گیا اور نیند میں گاڑی چلانے کے خطرناک نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ اس دوران اسے حفاظتی ہدایات بھی فراہم کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں باندھی ہوئی تھی، جس پر اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ غنودگی یا نیند میں ڈرائیونگ نہ صرف ڈرائیور بلکہ مسافروں اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے بھی شدید خطرہ بن سکتی ہے۔

ترجمان این ایچ ایم پی نے مسافروں سے اپیل کی کہ اگر وہ کسی ڈرائیور کو نیند یا لاپرواہی کے عالم میں گاڑی چلاتے دیکھیں تو فوراً ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں۔

موٹروے پولیس نے واضح کیا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت جدید نگرانی نظام اور ڈیش کیم فوٹیجز کے استعمال کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News