ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر اتوار کے روز شرم الشیخ پہنچ گئے۔وزیراعظم وہاں غزہ میں فوری جنگ بندی اور پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے ہونے والے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔ اجلاس میں شرکت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور انسانی بحران کے خاتمے پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
شرم الشیخ امن کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت متعدد عرب اور یورپی ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے دوران غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں وزیراعظم شہباز شریف خصوصی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شرم الشیخ کانفرنس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کوششوں میں امریکی صدر، پاکستانی وزیراعظم اور عرب و اسلامی ممالک کے رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کی یہ شرکت اس بات کی علامت ہے کہ اسلام آباد ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی خودمختاری کے لیے آواز بلند کرتا آیا ہے۔ پاکستان کو توقع ہے کہ شرم الشیخ میں طے پانے والا یہ امن معاہدہ غزہ میں جاری انسانی المیے کے خاتمے کی راہ ہموار کرے گا اور خطے میں امن و استحکام کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔