صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں،پاکستان نے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا:  وزیر اعظم

صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں،پاکستان نے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا:  وزیر اعظم

ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا غزہ کے عوام کے لیے تاریخی دن ہے، صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں، پاکستان نے امن کے نوبل انعام  کےلیے صدر ٹرمپ کو نامزد کیا۔ 

مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ انتھک کوششوں کے بعد امن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

امن کے حوالے سے آج کا دن تاریخی ہے، صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں، صدر ٹرمپ کی بدولت جنوبی ایشیا میں امن ممکن ہوا،ان کی وجہ سے خطے میں لاکھوں زندگیاں بچ گئیں۔

پاک بھارت جنگ اس حد تک بڑھ سکتی تھی جس کا کوئی اندازہ نہیں کرسکتا تھا،تاریخ صدر ٹرمپ کو سنہرے حروف میں یاد رکھے گی. 

پاکستان نے امن کے نوبل انعام  کےلیے صدر ٹرمپ کو نامزد کیا،  کیوں کہ یہ امن کے حقیقی سفیر ہیں، جنہوں نے دنیا میں امن کے لیے دن رات کام کیا، آج سخت محنت کے بعد غزہ میں امن کےلیے کامیاب ہوئے۔ 

واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالث ملکوں کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ امن معاہدہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے اس دن کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ امن معاہدہ دوست ممالک کے تعاون اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی کامیابی ماضی میں کم ہی دیکھی گئی ہے اور اس ضمن میں مصر کا کردار کلیدی رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے شراکت دار مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کے خواہاں ہیں اور وہ مل کر غزہ کی تعمیرِ نو میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Watch Live Public News