ویب ڈیسک: انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا کو بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
فل سالٹ نے انگلینڈ کی ٹی 20 کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا کر ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح سے ہمکنار کرایا۔اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
فل سالٹ نے صرف 39 گیندوں پر سنچری بنا کر لیام لیونگسٹون کا ریکارڈ توڑ دیا، وہ 60 گیندوں پر 141 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ لیام لیونگسٹون نے 2021 میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 42 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔جوس بٹلر نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 83 رنز بنائے اور سالٹ کے ساتھ 126 رنز کی شراکت قائم کی۔ جیکب بیتھل نے 24 اور کپتان ہیری بروک نے 21 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز ایڈن مارکرم اور ریان رکلٹن نے جارحانہ آغاز کیا اور 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ تاہم جوفرا آرچر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ آرچر نے 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کورن نے 11 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے خلاف 158 رنز بنائے اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ نے یہ میچ 146 رنز سے جیت لیا۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا۔