ویب ڈیسک: ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے پلاسٹک کے بدلے مفت کتابیں اور سٹیشنری کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دنیا کو اس وقت ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور اس کے مضر اثرات نے ایک بڑی آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ بے موسمی بارشیں، طوفان، سیلاب، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ جیسی آفات انسانوں کیلئے مستقل خطرہ ہیں۔
ماحول کو متاثر کرنے والے بہت سے عوامل ہیں۔ ان میں سے ایک پلاسٹک ہے، جو سیکڑوں سال تک گل نہیں پاتا۔ اب ایک اسکول نے پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے کیلئے طلبہ کو پلاسٹک کے بدلے مفت کتابیں اور اسٹیشنری دینے کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسکول کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مہم "تم کتاب رکھو، ہم کچرے کو سنبھالیں گے" کے نام سے شروع کی گئی ہے اور لوگوں کو پلاسٹک کے کچرے کے تبادلے کی ترغیب دی جارہی ہے۔
اس اقدام کا مقصد طلباء کو پلاسٹک کی خالی بوتلوں اور ناشتے کے پیکٹوں کے بدلے مفت قلم، کتابیں، کاپیاں اور اسٹیشنری فراہم کرنا ہے۔
اسکول کی پرنسپل عائشہ لودھی کا کہنا ہے کہ طلباء کو صفائی کے ساتھ ساتھ سکول کے فضلے کو ضروری اشیاء میں استعمال کرنا سکھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بچہ ڈسپوزایبل پانی کی بوتلیں اور 5 کلو تک کے چپس کے خالی پیکٹ سکول لے کر آتا ہے تو اس کے بدلے میں اسے مفت سکول کا سامان دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ طلباء کو کچرے سے مختلف چیزیں بنانے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ پلاسٹک کی آلودگی سے پوری دنیا شدید متاثر ہے۔ زیادہ تر پلاسٹک کا فضلہ بائیو ڈیگریڈیبل نہیں ہوتا اور یہ ماحول کیلئے بہت بڑا نقصان ہوتا ہے۔ لاکھوں ٹن پلاسٹک کا فضلہ سمندر، دریاؤں، جھیلوں اور دیگر آبی ذخائر میں جا رہا ہے، جس سے ماحولیاتی نظام کو خطرناک نقصان پہنچ رہا ہے۔