ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کے علاج کے سلسلے میں انہیں ایک خصوصی طبی ادارے میں ماہرین امراضِ چشم سے معائنہ اور علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے جاری علاج کے تسلسل میں مزید تفصیلی معائنہ کرایا جائے گا، اور اس حوالے سے تیار کی جانے والی میڈیکل رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے اس معاملے پر قیاس آرائیوں اور بے بنیاد خبروں سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے اس معاملے کو متنازع نہ بنایا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی اپنے بیٹوں سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کرائی گئی تھی۔