ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 8 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 جنوری کو خیبر پختونخوا میں دو مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ ٹانک میں خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی خیبر کی وادی تیراہ میں کی۔ وادی تیرہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خارجی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیئے پرعزم ہے۔
صدرمملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے ضلع ٹانک اور خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہاربھی کیا۔
وزیراعظم کا کامیاب آپریشن پر خراج تحسین:
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک اور وادی تیراہ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں 8 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔قوم کو سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے۔حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لیے متحرک ہیں۔