اسرائیلی رجیم چینج منصوبے سے متعلق رپورٹ، احمدی نژاد نے نیویارک ٹائمز کے دعوے کو مسترد کردیا

اسرائیلی رجیم چینج منصوبے سے متعلق رپورٹ، احمدی نژاد نے نیویارک ٹائمز کے دعوے کو مسترد کردیا
کیپشن: اسرائیلی رجیم چینج منصوبے سے متعلق رپورٹ، احمدی نژاد نے نیویارک ٹائمز کے دعوے کو مسترد کردیا

ویب ڈیسک:  سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے ایران میں حکومت کی تبدیلی کے منصوبے کے تحت انہیں دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کی۔

احمدی نژاد کے ترجمان نے رپورٹ کو "جھوٹا، من گھڑت اور ہالی ووڈ کی کہانی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز نے امریکی حکام اور دیگر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل نے ایران میں طویل المدتی رجیم چینج منصوبے کے تحت احمدی نژاد کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کی، حالانکہ وہ ماضی میں اسرائیل کے سخت ناقد رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا مبینہ طور پر اس منصوبے کی نگرانی کر رہے تھے، جبکہ احمدی نژاد سے متعلق مختلف اقدامات کیے گئے۔ تاہم سابق ایرانی صدر کے ترجمان نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

محمود احمدی نژاد 2005 سے 2013 تک ایران کے صدر رہے۔ ان کے دورِ حکومت میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت بیانات سامنے آتے رہے، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام میں بھی پیش رفت ہوئی۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ حالیہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے دوران احمدی نژاد کے محافظوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، تاہم ان دعوؤں کی بھی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

Watch Live Public News