'کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے'

'کسی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے'
راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اجلاس میں عسکری قیادت موجود تھی،شرکاء کو بتایا گیا کہ کسی قسم کی سازش کے شواہد نہیں، ایسا کچھ نہیں ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے چین کا اہم دورہ کیا، پاکستان چین کے تعلقات بہت اسٹریٹجک نوعیت کے ہیں، پاک چین تعلقات خطے میں امن کیلئے اہم ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سی پیک کی سکیورٹی پاک فوج کے حوالے ہے اس میں کوئی کمی آنے نہیں دی،، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی پر 24 گھنٹے کام کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے دورے میں چینی صدر سے بھی ملاقات کی، چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانےمیں اہم کردار ادا کیا۔

مشرف کی صحت خراب ہے:

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ سابق صدر اور آرمی چیف پرویز مشرف کی صحت بہت خراب ہے، اللہ انہیں صحت دے۔انہوں نے کہا کہ لیڈرشپ کا مؤقف ہے کہ پرویز مشرف کو واپس آجانا چاہیے، پرویز مشرف کو واپس لانے کیلئے ان کے خاندان سے رابطہ کیا گیا تاہم اس کا فیصلہ ان کی فیملی نے کرنا ہے۔ پرویزمشرف کی فیملی کے جواب کے بعد انتظامات کیے جاسکتے ہیں۔

دفاعی بجٹ:‌

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب بھی ہر سال بجٹ پیش ہوتا ہے تو دفاعی بجٹ پربحث ہوتی ہے، دفاعی بجٹ تھریٹ پرسیپشن، چیلنجز، تعیناتی کی نوعیت، وسائل کو دیکھتے ہوئے رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2020 سے پاکستان فوج نے اپنے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا، مہنگائی کی شرح سے دیکھیں تو دفاعی بجٹ کم کیاگیا، کہ بھارت کا بڑھتا ہوا دفاعی بجٹ اپنے سامنے رکھ لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج کا بجٹ جی ڈی پی کی شرح کے لحاظ سے مسلسل نیچے جا رہا ہے، ہم نے 100 ارب روپے بجٹ کم لیا ہے، ہم نے یوٹیلیٹی بلز کی مد میں اخراجات کو محدود کیا ہے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ پیٹرول اورڈیزل کی بچت کیلئے غیر ضروری نقل و حرکت کم کردی گئی ہے، غیر ضروری نقل و حرکت کم کی ہے، کانفرنسز آن لائن کردی گئی ہیں، پچھلےسال کوروناکی مد میں ملنے والے 6 ارب حکومت پاکستان کو واپس کیے ہیں، فوجی فاؤنڈیشن سےسالانہ 20 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہو رہے ہیں۔

عسکری قیادت کیخلاف پروپیگنڈا: ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے کچھ عرصے سے افواج اور عسکری قیادت کیخلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری قیادت موجود تھی، شرکاء کو بریف کیا گیا کہ کسی قسم کی سازش کے شواہد نہیں، ایسا کچھ نہیں ہوا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حالیہ سیشن پرکوئی تبصرہ نہیں کروں گا، بھارت نے لابنگ کی پاکستان کوبلیک لسٹ کیا جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔