ویب ڈیسک: امریکی جج نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف بڑا فیصلہ دیتے ہوئے ہزاروں وفاقی ملازمین بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
کیلیفورنیا میں ڈسٹرکٹ جج نےمحکمہ دفاع سابق فوجیوں کے امورزراعت،توانائی،محکمہ داخلہ اورمحکمہ خزانہ کو حکم دیا کہ وہ ملازمین کو بحال کریں، عدالت نےفیصلہ دیا ٹرمپ انتظامیہ نے وفاقی ملازمین کے تحفظات کو نظرانداز کرنےکی کوشش کی اورجھوٹا دعویٰ کیا۔
ٹرمپ حکومت کی جانب سے وفاقی ملازمین کو برطرف کرنے کے اقدام کی قیادت ایلون مسک کر رہے تھے۔
جج ولیم السپ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ برطرفیاں محض قانونی تقاضوں سے بچنے کی کوشش تھیں اور ملازمین کی حقیقی کارکردگی پر مبنی نہیں تھیں۔
یہ حکم 6 وفاقی ایجنسیوں، جن میں محکمہ خزانہ، امورِ سابق فوجی، زراعت، دفاع، توانائی اور داخلہ شامل ہیں، پر لاگو ہوگا۔ جج نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بہتر کارکردگی والے ملازمین کو غیر منصفانہ طور پر نکالنا افسوسناک ہے اور اس طرح کی کارروائی کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
سان فرانسسکو میں ہونے والی سماعت کے دوران جج السپ نے کہا، ’’یہ ایک افسوسناک دن ہے جب حکومت بہترین ملازمین کو برطرف کرتی ہے اور پھر کارکردگی کا بہانہ بناتی ہے۔ یہ جواز محض ایک دکھاوا ہے۔‘‘ عدالت نے وفاقی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال کریں۔