(ویب ڈیسک ) پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی ( پی اے اے ) کا کہنا ہے کہ پی آئی اے فلائٹ پی کے 306 کا غائب ہونے والا ٹائر مل گیا۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ لاپتہ ٹائر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ کے پاس سے ملا، ویل شاپ ٹیکنیشنز نے گراؤنڈ777 جہاز کے لینڈنگ گئیر کے قریب سے ٹائرملنے کی اطلاع دی۔
پی اے اے کے مطابق ٹائر کے جہاز سے علیحدہ ہونے کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کے شواہد نہیں ملے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 ایک پہیہ کے بغیر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی تھی، اس کا انکشاف علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کے لینڈنگ کے بعد معائنے کے دوران ہوا تھا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 306 پر لاہور لینڈنگ کے بعد ایک پہیہ کم ملا تھا، جس پر فضائی ضوابط کے مطابق قومی ایئر لائن کے فلائٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ اور سول ایوایشن نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
حتمی رپورٹ آنے پر اصل وجہ سامنے آئے گی ، تاہم ابتدائی مشاہدے کے مطابق کراچی رن وے پر ممکنہ فاڈ (FOD – کسی بیرونی چیز کے ٹکرانے سے) کے باعث پہیہ خراب ہوا، جہاز نے لاہور بہ حفاظت اور انتہائی ہموار لینڈنگ کی، کیوں کہ جہاز کے ڈیزائن میں اس عمل کے لیے گنجائش رکھی جاتی ہے۔