ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پینشن عید سے قبل ادا کردی جائیں گی اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عید الفطر 31 مارچ یا یکم اپریل کو ہونے کا امکان ہے جس کی روشنی میں حکومت نے تنخواہوں اور پینشن کی پیشگی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق سرکاری ملازمین کو 27 مارچ کو تنخواہیں ملیں گی اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پینشن بھی اسی دن ادا کی جائے گی۔
وزارت خزانہ نے تنخواہوں اور پینشن کی جلد ادائیگی کے حوالے سے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔
یاد رہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب عید الفطر سے قبل تنخواہیں دینے کے احکامات جاری کرچکا ہے،سرکاری ملازمین کو عید الفطر کے لیے26 مارچ کو تنخواہیں دے دیں جائیں گی،سیکرٹری خزانہ پنجاب نے تنخواہوں کی جلد ادائیگی کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔