ویب ڈیسک: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا فل کورٹ اجلاس طلب، ستائیسویں ترمیم کے اثرات پر مشاورت ہوگی.
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ستائیسویں آئینی ترمیم کے عدلیہ پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے ججز سے تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ فل کورٹ میٹنگ جمعے کی نماز کے بعد دوپہر 2 بجے منعقد ہوگی۔
سپریم کورٹ کے تین ججز — جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس صلاح الدین پنہور — ستائیسویں ترمیم پر اپنے تحفظات سے متعلق چیف جسٹس کو خطوط لکھ چکے ہیں۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے اپنے خط میں تجویز دی تھی کہ فل کورٹ میٹنگ بلا کر ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے اور مشاورت کے عمل میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کے ساتھ ساتھ عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو بھی شامل کیا جائے۔ ان کے مطابق ستائیسویں آئینی ترمیم عدلیہ و پارلیمنٹ کے اختیارات کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے۔
علاوہ ازیں، چیف جسٹس پاکستان آج جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ جسٹس امین الدین 20 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب جسٹس منصورعلی شاہ اور جسٹس اطہرمن اللہ گزشتہ روز استعفے دے چکے ہیں۔