اسلام آباد: وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پی آئی اے کی نج کاری اور دیگر معاملات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صارفین کو بین الاقوامی معیار کے ہوائی سفر کی فراہمی کے لیے قومی ائیرلائن کی جلد از جلد نجکاری نا گزیر ہے۔ وزیراعظم نے فواد حسن فواد کو اپنی ٹیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور وزارت نجکاری کے زیر نگرانی پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔